کوئٹہ :امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکومت واپوزیشن کے منتخب نمائندوں نے اسمبلی کو کھیل تماشہ بنادیا ہے عوامی مسائل حل کرنے کے حوالے سے قانون ساز ی کے بجائے ایک دوسرے کو زیر کرنے اور فنڈزپرروزانہ لڑائی جھگڑے ہوتے ہیں اسمبلی احاطے کے اندر جس انداز میں طوفان بد تمیزی کا منظر پوری قوم نے دیکھا وہ شرمناک ہے۔ ارکان اسمبلی کے درمیان غلط الفاظ کااستعمال،جھگڑے،جوتے بوتل پھینکنے اورآپس میں دست و گریبان ہونا مقدس ایوان کی تذلیل کے مترادف ہے۔ عوام کا حکمرانوں سے یہ توقع نہیں۔اب مزید ایک دوسرے کے خلاف ایف آئی آردرج کرکے قوم کی تذلیل وقیمتی وقت ضائع کیاجارہاہے۔حکومت واپوزیشن ذاتی پارٹی اسکیمات ومفادات کے بجائے ملکر عوامی مسائل قومی مسائل حل اور اجتماعی نوعیت کے اسیکمات پرمتحد ہوجائے۔ انہوں نے کہاکہ اسمبلی ممبران کے درمیان افہام وتفہیم،مسائل کے حل کے حوالے سے اخلاص ونیک نیتی کا فقدان ہے الزامات،دھمکیوں اور قومی مفادات کے بجائے ذاتی وپارٹیمفادات اور عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے خود مالا مال ہونے کے رویے وارادے ٹھیک نہیں قوم کو ان رہنماؤں سے یہ امید نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن وحکومتی ممبران نے بلوچستان کے قبائلی،سیاسی پارلیمانی اور اخلاقی تہذیب کو ملیا میٹ کرکے رکھ دیا ہے۔ بجٹ پر سنجیدہ بحث کی بجائے اسمبلی اجلاس کو ہلڑ بازی اور کھیل تماشہ کی جگہ بنادیا گیا ہے۔ اس اقدام سے حکمرانوں کی سنجیدگی کا حال معلوم ہوتا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو غریب عوام کے مسائل اوربلوچستان کی عزت و وقار کی کوئی فکر نہیں۔ جمہوری روایات کا جنازہ نکال کر رکھ دیا گیا ہے جن لوگوں کو اخلاق،تہذیب وقار کا پتا نہیں وہ قوم کی نمائندگی اور بلوچستان یہاں کے عوام کی ترقی کے لیے کیا کام سر انجام دیں گے۔ قومی جذبات، خواتین کی عزت کا بھی خیال نہیں رکھا گیا جو لمحہ فکریہ اور حکمرانوں کی غیر سنجیدگی کا ظاہر کررہی ہے۔بدقسمتی سے حکومت واپوزیشن کے پڑھے لکھے ممبران اسمبلی نے بلوچستان کے عوام کی عزت ووقارکو نیلام کیا ایسے پڑھے لکھے مہذب اور محب وطن لوگوں سے یہ امید نہیں تھی اسمبلیاں قانون سازی کی جگہ ہوتی ہیں مگر یہاں کا یہ کھیل تماشا دیکھ کر مایوسی ہوتی ہے۔
حکومت و اپوزیشن کے منتخب نمائندوں نے اسمبلی کو کھیل تماشہ بنادیا ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

ٹیگز:
مولانا عبدالحق ہاشمی
