کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمہوری وطن پارٹی کا ایک اہم مرکزی اجلاس 2 اگست کو بگٹی ہاوس میں مرکزی کنوینئر چوہدری نوید کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے تنظیمی امور اور 35ویں یومِ تاسیس کی تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ جمہوری وطن پارٹی کا 35واں یومِ تاسیس 16 اگست 2025 بروز ہفتہ ملک گیر سطح پر جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر پارٹی کے تاریخی پس منظر، خدمات اور شہیدِ وطن نواب محمد اکبر خان بگٹی کے افکار و نظریات کو عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے گا۔مرکزی قیادت نے چاروں صوبوں کے آرگنائزرز اور ڈپٹی آرگنائزرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں یومِ تاسیس کی مناسبت سے تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، ریلیاں اور عوامی اجتماعات کا انعقاد یقینی بنائیں تاکہ پارٹی کے پیغام کو ہر سطح پر فروغ دیا جا سکے۔ضلع سطح پر بھی تقریبات کے انعقاد کی تاکید کی گئی جبکہ تمام صوبائی و ضلعی ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے پروگرامز کی مکمل رپورٹ، تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ مرکزی سیکرٹریٹ کو ارسال کریں تاکہ ملک گیر سرگرمیوں کا ریکارڈ محفوظ رکھا جا سکے اور تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر شہید نواب اکبر خان بگٹی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان کی جدوجہد اور اصولی سیاست کو ہر حال میں زندہ رکھا جائے گا۔
جمہوری وطن پارٹی کا 35واں یومِ تاسیس 16 اگست کو ملک بھر میں قومی جذبے سے منانے کا فیصلہ

ٹیگز:
جمہوری وطن پارٹی
