کوئٹہ:کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف سیاسی و سماجی رہنما حیدر مسلم کی قیادت میں شہریوں نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع کیسکو دفتر کے سامنے ٹائر جلاکر روڈ ٹریفک کیلئے بند کردیا اور شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حیدر مسلم،کلیم اللہ اچکزئی،محمد شاہ، وارث محمود،رحمت اللہ اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی پشتون آباداور گردونواح میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے باعث جہاں معمولات زندگی بری طرح متاثرہور ہے ہیں وہیں عوام پینے کے پانی کی بوند بوندکو ترس رہے ہیں کیسکوحکام سے بار بار اپیل کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف شہری بجلی سے محروم ہیں تو دوسری طرف بھاری بھر کم بل بھیجے جارہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پشتون آباد کے عوام نے طویل لوڈشیڈنگ سے تنگ آکر احتجاج کا راستہ اپنایا ہے اگر پھر بھی بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو اہلیان پشتون آباد چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو کے دفتر کے گھیراو سمیت سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔ بعد ازاں پولیس اور کیسکو حکام کی یقین دہانی کے بعد شہریوں نے احتجاج ختم کردیا اور روڈ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے کھول دیا
کوئٹہ، پشتون آباد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف کیسکو دفتر کے سامنے احتجاج

ٹیگز:
کوئٹہ پشتون
