کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ آج بھی جاری رہا۔احتجاجی کیمپ میں اخبارات۔جرائد اور انجمن اخبار فروشاں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔احتجاجی کیمپ میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سردار محمد سرور سلمانخیل۔ڈاکٹر دیدار اچکزئی۔پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے سابق نائب صدرحکیم علی بوہڑ۔پیپلزلیبر بیورو کے سیکرٹری اطلاعات کامران سومرو۔پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات میر عبدالنبی سمالانی اظہار یکجہتی کیلئے شریک ہوئے۔
اس موقع پراحتجاجی کیمپ کے شرکاءنے پیپلز پارٹی کے وفدحکومت کی جانب سے اشتہارات کی BPPRA پر منتقلی کی کوششوں،اخبار مارکیٹ کے مسائل سمیت دیگر مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفد کا کہنا تھا پیپلز پارٹی عوامی نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔بلوچستان کے حقوق کیلئے سب سے پہلے ہماری جماعت نے آواز اٹھائی اور ایسے تاریخی اقدامات کئے جسکی مثال نہیں ملتی۔
بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کیساتھ بھی پیپلزپارٹی زیادتی نہیں ہونے دیگی۔وفد کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کے مسائل کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی تک پہنچائیں گے۔پیپلز پارٹی ہر فورم پر اخباری صنعت کیلئے آواز بلند کرے گی۔علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاءکا کہنا تھا کہ سرکاری اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرکے بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کا گلہ نہ گھونٹا جائے یہی صوبے کی واحد صنعت کی حیثیت رکھتی ہے۔پاکستان کے دیگر صوبے ہم سے زیادہ ترقی یافتہ اور صنعتی زون رکھتے ہیں لیکن وہاں بھی ایسی پالیسیاں اختیار نہیں کی گئیں۔علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاءکا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان وزارت اطلاعات کیلئے وزیر اطلاعات مقرر کریں۔

