کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان صوبائی اسمبلی کی مجلسِ قائمہ برائے محکمہ لوکل گورنمنٹ کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر اشوک کمار کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس میں کمیٹی کے اراکین، پارلیمانی سیکرٹری برائے لوکل گورنمنٹ جناب عبدالمجید، کمیٹی کی رکن صفیہ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبدالرؤف بلوچ نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کمیٹی کو محکمہ کی کارکردگی اور مالی سال2024-25کے دوران مختلف اضلاع کو جاری کیے گئے فنڈز پر تفصیلی بریفنگ دی۔چیئرمین ڈاکٹر اشوک کمار نے فنڈز کے شفاف استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے فنڈز اکثر بے ضابطگیوں کا شکار ہو جاتے ہیں، جن کی سخت مانیٹرنگ ضروری ہے۔ اس پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے یقین دہانی کرائی کہ تمام فنڈز کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جعفرآباد میں لوکل گورنمنٹ کے فنڈز اور ترقیاتی منصوبوں کی انکوائری ایک ہفتے کے اندر مکمل کی جائے گی۔پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید نے جعفرآباد میں 72 ایکڑ سرکاری زمین کی الاٹمنٹ اور بعض مقامات پر قبضے کی نشاندہی کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زمینوں کا مکمل ریکارڈ منگوایا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔چیئرمین نے ہدایت دی کہ وفاق سے بلوچستان کو جی ایس ٹی کی مد میں ملنے والی رقم کی تفصیلات حاصل کی جائیں، اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیرِ استعمال گاڑیوں اور مشینری کا مکمل ریکارڈ بھی پیش کیا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران میونسپل کمیٹی حب کو 16 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی جا چکی ہے، اور اس کا ٹینڈر بھی مکمل ہو چکا ہے۔علاوہ ازیں، چیئرمین نے کوئٹہ اور دیگر اضلاع میں سلاٹر ہاؤسز کو فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صحت و صفائی کے اصولوں کے تحت ان کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے گا۔
لوکل گورنمنٹ کے فنڈز اکثر بے ضابطگیوں کا شکار ہو جاتے ہیں،جن کی سخت مانیٹرنگ ضروری ہے،ڈاکٹراشوک کمار

ٹیگز:
ڈاکٹراشوک کمار
