کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلو چستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے اقدامات پر عمل درآمد تیز کیا جائے جدید مشینری، طبی عملے کی تربیت اور صحت مراکز کی بہتری سے غریب لوگوں کو عملی ریلیف دی جاسکتی ہے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو محکمہ صحت بلوچستان اور پنجاب کے ماہرین طب کی محکمہ جاتی اصلاحات و حکومتی اقدامات سے متعلق بریفنگ کے دوران کہی۔ اس موقع پر امپیٹس گروپ اسلام آباد کے ماہرین کی بلوچستان میں طبی سہولیات کی بہتری سے متعلق تجاویز پیش کی اور بلوچستان میں صحت کے نظام کی بہتری کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ بلو چستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے پرعزم ہیں بلوچستان میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے اقدامات پر عمل درآمد تیز کیا جائے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے صحت کے نظام میں بہتری کے لئے مفاد عامہ کے عملی اقدامات ضروری ہیں،وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ بلوچستان کے ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے دیہی علاقوں میں صحت کے مراکز کو فعال بنانے کے لئے اقدامات کو بار آور بنایا جائے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے تمام ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اور طبی عملے کی تعیناتی کو یقینی بنائیں گے ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی سمیت مربوط نظام قائم کیا جائے، انہوں نے کہاکہ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال، سول سنڈیمن پروانشنل اسپتال اور شیخ زید النہیان اسپتال کو مثالی طبی ادارے بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تینوں بڑی ہسپتالوں کو مکمل فعال اور جدید طبی سہولیات سے مزین کرنے کا روڑ میپ تیار کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری صحت مجیب الرٰحمان پانیزئی، اسپیشل سیکرٹری صحت شہک بلوچ، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر امین خان مندوخیل، ڈائریکٹر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام ڈاکٹر احمد ولی خان ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون، امپیٹس گروپ کے سربراہ و سابق سیکرٹری صحت پنجاب علی جان سمیت ہیلتھ کنسورشیم کے ماہرین نے شرکت کی۔
بلوچستان میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے اقدامات پر عمل درآمد تیز کیا جائے،میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
