سبی(ڈیلی گرین گوادر)کمشنر سبی ڈویژن سید زاہد شاہ نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ ڈیرہ بگٹی، اور سوئی کا ہنگامی دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں میں ہونے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اعجاز سرور اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ کمشنر سبی نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل معلوم کئے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ بارشوں سے متاثرین کی مدد کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ان کا کہنا تھا کہ بارش سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور تفصیلی رپورٹ مرتب کر کے مجاز حکام کو ارسال کی جائے گی تاکہ نقصانات کا ازالہ ہو سکے انہوں نے کہا کہ قدرتی افات روکنا انسان کے ہاتھ میں نہیں ہے البتہ انسان بروقت حفاظتی اقدامات اٹھا کر نقصانات کو کم سے کم کر سکتا ہے اس لیے کوشش کی جائے کہ ایسے حالات میں حفاظتی اقدامات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تاکہ کم سے کم نقصان ہو انہوں نے سوئی ویلفیئر ہسپتال کا بھی معائنہ کیا مریضوں کی عیادت کی اور بارشوں سے منہدم ہونے والے مکانات کا بھی جائزہ لیا بارشوں کی وجہ سے کمرے کی چھت گرنے سے شہید ہونے والے شخص کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب متاثرین کے ساتھ ہیں انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ علاقہ میں ہمہ وقت موجود رہیں اور لمحہ بہ لمحہ ہونے والے نقصانات سے آگاہ کریں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔
انتظامیہ بارشوں سے متاثرین کی مدد کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ، سید زاہد شاہ

ٹیگز:
سید زاہد شاہ
