اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے حوالے سے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں 17 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے دائر درخواست پر سماعت ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس نے کی، شبلی فراز وکلا نعیم حیدر پنجوتہ، انتظار حسین پنجوتہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔جج راجا جواد عباس نے کہا کہ میں ڈیوٹی جج نہیں ہوں، نئے جج تعینات ہو جائیں تو معاملہ دیکھ لیں گے، پہلی دفعہ مچلکے 5 ہزار تھے، بھاگنے کے بعد 50 ہزار ہو گئے ہیں۔
جج راجا جواد عباس نے ریمارکس دیے کہ علی امین گنڈا پور کی ضمانت بھی 50 ہزار مچلکوں کے عوض منظور ہوئی، جس پر وکیل شبلی فراز کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور وزیر اعلیٰ ہیں، وہ دے سکتے ہیں ہم نہیں۔بعد ازاں، عدالت نے شبلی فراز کی 17 اپریل تک عبوری ضمانت 50 ہزار مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔راجا جواد عباس نے کہا کہ بجلی نہیں جس وجہ سے آرڈر نہیں کر سکتا، 12 بجے تک تحریری آرڈر لے لیں۔
اس سے قبل شبلی فراز کی ضمانت قبل از گرفتاری عدم پیروی پر خارج کر دی گئی تھی۔واضح رہے کہ 12 مارچ کو پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے 20 دن میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دے دیا تھا۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شبلی فراز کے خلاف اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں 20 مقدمات درج ہیں۔عدالت نے شبلی فراز کی راہداری ضمانت ایک لاکھ دو نفری پر ضمانت دے دی اور انہیں 20 دن میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دے دیا تھا۔

