کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں کابینہ کی تشکیل وزیر اعلیٰ کیلئے کڑا امتحان بن گیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے حلف اٹھانے کے 19روز بعد صوبہ بغیر کابینہ کے چل رہا ہے۔ارکان اسمبلی کا بینہ کی تشکیل میں تاخیر کو 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ کے الیکشن سے جوڑ رہے ہیں جبکہ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ کا واضح اعلان ہے کہ کا بینہ کی تشکیل میں مزید دو ہفتے درکار ہیں۔
بلوچستان کابینہ کی تشکیل نہ پانے سے صوبہ میں متعدد معاملات زیر التوا ہیں جن میں خاص کر محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کی خریداری ،صوبے کی تین جامعات میں وائس چانسلرزکی تعیناتی اور کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے نئی قانون سازی کی منظوری سمیت مختلف وزارتوں کے امور شامل ہیں۔کابینہ کی تشکیل تاخیر کو وزیر اعلیٰ سینیٹ انتخاب کے حوالے سے مصروفیات کو قرار دیتے ہیں۔

