کوئٹہ+لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف سے بدھ کو لاہور میں بلوچستان، پنجاب اور صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل، سابق وزیر اعلی جام کمال،کراچی سے خواجہ شعیب اور صالحین تنولی،خوشاب سے سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک شامل تھے اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق بھی موجود تھے ملاقات میں بلوچستان میں پارٹی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں پر مشاورت ہوئی اوربلوچستان میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لئے تجاویز پر غور کیا گیا۔شہباز شریف نے جعفر مندو خیل کی بلوچستان میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے کوششوں کو سراہا۔سابق وزیر اعلی جام کمال نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بربریت پر میاں شہباز شریف کو مبارکباد دی۔میاں شہباز شریف نے نیک تمناؤں کے اظہار پر جام کمال کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی سب سے بڑی وفاقی جماعت ہے مسلم لیگ (ن) وفاق کی مضبوطی اور ترقی کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان قومی ترقی اور حقوق کی فراہمی کے ایجنڈے میں مسلم لیگ(ن) کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے اور رہے گی، پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی ایک لازمی تقاضا ہے جسے صرف مسلم لیگ(ن) ہی پورا کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پورے پاکستان کے عوام سے وعدے پورے کئے اور بلا امتیاز سب اکائیوں کو ترقی دی۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ حقوق کا تحفظ اور ترقی یقینی بنا کر بلوچستان کو پاکستان کی خوشحال اکائی بنائیں گے،تمام صوبوں کو ترقی کے عمل میں مساوی انداز میں ساتھ لے کر چلیں گے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کے اندر یکساں تقسیم کو یقینی بنائیں گے اٹھارویں ترمیم سے صوبوں کو وسائل اور اختیارات ملے، اب اس کا دائرہ صوبوں کے اندر تمام علاقوں تک لیکر جائیں گے،عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے، اس سے نجات صرف مسلم لیگ(ن) دلاسکتی ہے۔
پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی ایک لازمی تقاضا ہے جسے صرف مسلم لیگ(ن) ہی پورا کرسکتی ہے، میاں شہباز شریف

ٹیگز:
میاں شہباز شریف
