کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑمیں جلاؤ گھیراؤ، حساس مقامات اور پاک آرمی کی تذلیل کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا جلاو گھیراؤ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے تاکہ آئندہ کسی کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہوسکے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ نیب نے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا جس کے بعد پی ٹی آئی کے مسلح غنڈوں اور جتھوں نے احتجاج کی آڑ میں پاک فوج کی تنصیبات، کورکمانڈر لاہور، ریڈیو پاکستان سمیت سینکڑوں تاریخی عمارتوں اورگاڑیوں کو نذر آتش کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اوردیگر پاکستان دشمن قوتیں جو کارنامہ 75سال میں سرانجام نہیں دے سکیں وہ پی ٹی آئی کے تربیت یافتہ غنڈوں نے پورا کردیا اور ملکی املاک اورسالمیت کو نقصان پہنچایا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی کے غنڈوں کے احتجاج کی وجہ سے برٹش کونسل کی نگرانی میں ہونے والے کیمرج کے امتحان منسوخ ہوگئے جو اب دوبارہ نہیں ہونگے جس سے سینکڑوں طلبا کا مستقبل تباہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت اورکارکن کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں پاکسانت کی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور اداروں پر حملے کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ہے پی ٹی آئی اوراسکے غنڈے پاکستان کو مکمل طورپر تباہ وبرباد کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن محب وطن پاکستانی پی ٹی آئی کی ان سازشوں کو کسی بھی صورت پورا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں توڑ پھوڑ،جلاؤ گھیراو اور آرمی کی تنصیبات کو نقصان پہنچانے والے پی ٹی آئی کے غنڈوں کو گرفتار کرکے انہیں عبرت کا نشان بنائیں تاکہ آئندہ کسی کو بھی ایسا کرنے کی جرات نہ ہوسکے، پاکستان کی بقاء اور سالمیت میں ہی ہم سب کی بقاء ہے۔
ملکی املاک اورسالمیت کو نقصان پہنچایا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،چوہدری نعیم کریم

ٹیگز:
چوہدری نعیم کریم
