ملک کی ترقی میں خواتین نہایت اہمیت کی حامل ہیں، ثناء جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلو چستان عوامی پارٹی کی رہنماء سینیٹر ثناء جمالی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں خواتین نہایت اہمیت کی حامل ہیں،مضبوط معیشت کے لئے خواتین کی شراکت داری اہم ہے اور ہم نے بحیثیت قوم خواتین کے خلاف اور خصوصاً گھریلو خواتین کے ساتھ ہونے والے تشدد کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی ہے۔یہ بات انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صرف 22 فیصد خواتین ایسی ہیں جو کہ انٹرنیٹ کا استعمال جانتی ہیں، دور حاضرمیں جہاں عورتیں دفاتر،بازاروں اور سکول کالجز میں محفوظ نہیں ہیں وہیں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پلیٹ فارم پر بھی محفوظ نہیں،آن لائن کام کرتے ہوئے اْنہیں سائبر سپیس ہراسمنٹ اور اسی جیسی کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے جنہیں ترقی کے عمل میں شامل کرنا ناگزیر ہے خواتین کو تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔