سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں چاروں صوبوں اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سیکورٹی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اس سلسلے میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور کسی قسم کا سیکورٹی نقص برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو چاروں صوبوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے حوالے سے وفاق اور صوبوں میں رابطوں اور ہم آہنگی مزید بہتر بنائی جائے. انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام صوبوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹس کی استعداد کار میں بہتری لانے کے لئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ہتھیاروں اور سامان سے لیس کیا جائے۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ اپیکس کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں پر بھرپور عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کے گئے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی سیکرٹری داخلہ نے حال ہی میں چاروں صوبوں کا دورہ کیا تاکہ امن و امان کے حوالے سے صوبوں کو درپیش مسائل اور درکار وسائل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی سید طارق فاطمی، جہان زیب خان، چاروں صوبوں , گلگت بلتستان , آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹریز، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے چیف کمشنر، چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اسلام آباد کے آئی جیز پولیس اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے