پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین تیسرے روزبھی استعفوں کی تصدیق کیلیے نہیں آئے
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی ارکان تیسرے روز بھی استعفوں کی تصدیق کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے چیمبر میں نہیں پہنچے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کی جانب سے استعفوں کی تصدیق کے لئے پانچ منٹ کا وقت مقررکیا تھا تاہم پی ٹی آئی کا کوئی بھی مستعفی رکن تصدیق کے لئے نہیں پہنچا۔
اسپیکرقومی اسمبلی راجا پرویز اشرف 10 جون تک پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے استعفوں کی تصدیق کرنے کا انتظارکریں گے جس کے بعد اسپیکرقومی اسمبلی اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔اسپیکرنے اس سلسلے میں آئینی اورقانونی ماہرین سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
پی ٹی آئی اراکین نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہ ہونے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔