ژوب حلقہ بندیاں چند سیاسی لوگوں اور انتظامی افسران کی مرضی سے کی گئی ہیں،شیخ جعفر مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ژوب میں بلدیاتی حلقوں کی حلقہ بندیاں زمینی حقائق اور عوامی خواہشات کے بر عکس چند سیاسی لوگوں اور انتظامی افسران کی مرضی سے کی گئی ہیں،صوبائی الیکشن کمشنر ژوب کی حلقہ بندیوں میں نقائص کا نوٹس لیکر ان نظر ثانی اور حسب ضرورت درستگی کریں، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلدیاتی نظام نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اہمیت کا حامل ہے،پوری دنیا میں اسی نظام کے تحت عوام کے مسائل حل کئے جاتے ہیں ژوب میں بلدیاتی انتخابات سے قبل کی جانے والی حلقہ بندیوں میں بہت سے نقائص ہیں حلقہ بندیوں کے عمل میں انتظامی افسران نے چند سیاسی لوگوں کی خواہشات پر الیکشن کمیشن کے عملے کو گمراہ کن اور غلط رپورٹیں دی ہیں جنکی وجہ سے ژوب کی حلقہ بندیوں کو تمام سیاسی جماعتوں نے یکسر طور پر مسترد کردیا ہے اس طرح کی حلقہ بندیوں میں کوئی بھی نظام کو چلا نہیں پائیگا،انہوں نے کہا کہ ماضی میں حلقہ بندیوں پر جن طبقات کو اعتراضات ہوتے تھے صرف وہی تحفظات کا اظہار کرتے تھے مگر اس بار تمام سیاسی اور عوامی حلقوں نے حلقہ بندیوں کو مسترد کیا ہے اور اسکی مذمت کی ہے،انہوں نے صوبائی الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ ژوب کی حلقہ بندیوں میں نقائص کا نوٹس لیتے ہوئے ان پر نظرثانی کریں اور عوامی خواہشات کے مطابق حلقے تشکیل دیں یا پھر پرانے حلقوں کو ہی برقرار رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے