سی پیک منصوبہ بلوچستان کی تقدیر ہے جس کی کامیابی کے اثرات پورے خطے پرمرتب ہوں گے، ثمینہ زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) گوادر پاکستان اور چین دونوں کے لئے بہت اہم ہے۔ سی پیک منصوبہ بلوچستان کی تقدیر ہے جس کی کامیابی کے اثرات پورے خطے پرمرتب ہوں گے۔سی پیک منصوبہ کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جس سے ترقی کے نئے راستے کھل گئے ہیں۔مٹھی بھر بے ضمیر اور مفادپرست عناصرپاکستان کے دشمنوں کے اشاروں پر چل کر وطن خاص کرصوبہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں اور جلد ان ناعاقبت اندیشوں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارکنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر سے متعلق اپنی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں خاص کر گوادر اور سی پیک منصوبوں کی کامیابی دشمن کو ہضم نہیں ہو رہی اور وہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔ہماری بہادر فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی پوری قوم کے ساتھ مل کر امن کے خلاف سازشیں ناکام بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے دہشتگردوں کوجہنم واصل کیا اور بھرپور جواب دیتے ہوئے ثابت کیاملک دشمن عناصر اپنی بزدلانہ حرکتوں کے ذریعہ بہادر قوم اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے دشمنوں کو خبردار کیا کہ اُس کا واسطہ پاکستانی قوم سے ہے جس کی سرشت میں حوصلہ، بردباری، بھائی چارہ اور جذبہ ایمانی کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔یہ قوم ہر مشکل کا ہمت و حوصلے سے مقابلہ کرتی ہے لیکن جب اس کی غیرت ایمانی کو للکارا جائے یا ارض پاک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا جائے تو یہ دشمن کو حیرتوں سے دوچار کر دیتی ہے اور بڑے سے بڑے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیتی ہے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اوردہشت گردی کے خلاف ضربِ عضب اور رد الفساد جیسے آپریشز کامیابی سے مکمل کئے اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے پرامن بلوچستان نہایت ضروری ہے اور اسے یقینی بنانے کے لئے اقدامات مزید بہتر کئے جارہے ہیں۔سینیٹر ثمینہ زہری نے کہا کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کی تقدیر ہے جس کی کامیابی کے اثرات پورے خطے پرمرتب ہوں گے۔دشمن نہیں چاہتا کہ سی پیک منصوبہ کامیاب ہو اسی لئے دہشت گرد کارروائیاں کر رہا ہے لیکن دشمن جان لے کہ پوری قوم دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دے گی۔سی پیک منصوبہ کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جس سے ترقی کی نئی راہیں کھل گئی ہیں۔دوسرے مرحلے میں صنعتکاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے منصوبے شامل ہیں جن سے سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو پہنچے گا اورعلاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔