حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
اسلام آباد:وزارت خزانہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ اس بار پیٹرولیم مصنوعات کی نرخوں میں ردوبدل نہیں کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہیں کرے گی جس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات موجودہ نرخوں پر دستیاب ہونگیں۔اس ضمن میں وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہآئندہ 15دن کے لیے موجودہ پٹرولیم قیمتیں برقرار رہیں گی۔
موجودہ نرخوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت 103.97 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 106.46 روپے فی لیٹر برقرار رہے گا۔حکومت کی جانب سے مٹی کا تیل 65.29 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل 62.86 روپے فی لیٹر برقرار رہے گا۔
یاد رہے کہ ماہ اگست میں پیٹرول سے متعلق انتہائی اہم خبر سامنے آئی تھی جس کے تحت یکم ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پٹرولیم ڈویژن نے اوگرا,آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کو گائیڈ لائنز جاری کردیں گئیں تھیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یکم ستمبر 2020 سے ہر 15 روز بعد قیمتوں کا تعین ہوگا جبکہ پیٹرول،ڈیزل کی قیمتوں کا تعین نئی پالیسی کے تحت کیا جائے گا۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین موجودہ طریقہ کار کے تحت ہوگا جبکہ پیٹرول،ڈیزل کی قیمت کا تعین خام تیل کی 14 روز کی قیمت کی اوسط نکال کر کیا جائے گا۔