کوہاٹ(ڈیلی گرین گوادر)خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے دور افتادہ علاقے دربوکچ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف پولیس کے گرینڈ آپریشن کے دوران مسلح حملے میں2 اعلیٰ پولیس افسران سمیت 10 اہلکار شہید جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے حملے میں شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار کی شناخت ہو چکی ہے۔ حملے کے دوران پولیس کی پانچ موبائل گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔
حملے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائی جاری ہے، علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان جواد آفریدی کے مطابق واقعہ دربوکچ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس غیر قانونی گولڈ مائننگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کررہی تھی کہ اس دوران مسلح افراد نے پولیس نفری کو نشانہ بنا لیا۔
جواد آفریدی نے بتایا کہ موقع پر موجود پولیس اہلکاربتا رہے ہیں کہ جائے وقوعہ پر متعدد لاشیں موجود ہیں۔ زخمیوں اور شہید اہلکاروں کی میتوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے فوری ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔ان کے مطابق علاقہ انتہائی دور افتادہ ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں اور زخمیوں و میتوں کی منتقلی میں مشکلات اور تاخیر کا سامنا ہے۔
مقامی پولیس افسر فیصل خان نے حملے میں 2 اعلیٰ پولیس افسران سمیت 10 اہلکاروں کی شہادت اور 11 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔آئی جی پولیس دفتر پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوہاٹ پولیس کی جانب سے عسکریت پسندوں اور جرائم پیشہ عناصر کے گٹھ جوڑ کے ذریعے جاری غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جارہا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ تھانہ گمبٹ کی حدود میں واقع دربوکچ کے مقام پر کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں نے پولیس نفری پر اچانک حملہ کردیا۔ابتدائی اطلاعات سے بتا چلا ہے کہ حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں پر گھات لگا کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ حملے کے دوران پولیس کی ایک موبائل گاڑی کو بھی آگ لگا دی گئی۔
ڈی پی او کوہاٹ رائے مظہر اقبال کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے تازہ دم دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں، جہاں حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ تاحال کسی بھی گروہ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس اہلکاروں پر مسلح حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔گورنر ہاؤس پشاور کے ترجمان کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی یہ بزدلانہ کارروائی انتہائی قابل مذمت ہے، پولیس ٹیم پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور یہ قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
ادھر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے بھی پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ’فتنہ الخوارج‘ اور جرائم پیشہ عناصر کا گٹھ جوڑ صوبے میں امن و امان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
ثمر ہارون بلور نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، جبکہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
کوہاٹ کے دور افتادہ علاقے دربوکچ میں پیش آنے والے اس واقعے نے غیر قانونی گولڈ مائننگ، جرائم پیشہ عناصر اور عسکریت پسندوں کے مبینہ گٹھ جوڑ کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی چیلنجز کو نمایاں کردیا ہے۔واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں زخمیوں اور شہداء کی منتقلی میں مصروف ہیں۔

