کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ اساتذہ کی تکریم، عصری و دینی تعلیم کے ساتھ ہنر اور ٹیکنالوجی پر توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔موجودہ چیلنجز کا مقابلہ،غربت، ناخواندگی اور بے روزگاری سے نجات کا راستہ علم، تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے ہوکر گزرتا ہے۔ تعلیم کو کاروبار کے بجائے خدمت، کردار سازی اور دنیا و آخرت کی سرخروئی و کامیابی کا ذریعہ بنانا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول گوادر میں عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گوادر بھر کے دینی و عصری، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام، علمائے کرام، سماجی، سیاسی اور قوم پرست رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ استاد معاشرے کا معمار اور نئی نسل کی کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ اساتذہ کی عزت و تکریم دراصل علم، تعلیم اور قوم کے مستقبل کی عزت ہے۔ ایک باشعور، تعلیم یافتہ اور ہنرمند نسل ہی بلوچستان کو ترقی، خوشحالی اور امن کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے سرکاری و نجی اداروں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ حکومت کو اخلاص اور ترجیحات کے ساتھ تعلیم کے شعبے پر زیادہ سے زیادہ وسائل خرچ کرنے چاہئیں۔ غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کے لیے معیاری اور سستی تعلیم کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تعلیمی اداروں میں جدید علوم، فنی تعلیم، آئی ٹی اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر سکھانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہی ہے، ہمیں بھی اپنی نوجوان نسل کو جدید علوم اور ہنر سے آراستہ کرنا ہوگا تاکہ وہ روزگار کے حصول کے ساتھ ساتھ ملکی و صوبائی معیشت میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکیں۔ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، انہیں صرف بہتر تعلیمی مواقع، رہنمائی اور وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، امن اور کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ تعلیم کو اولین ترجیح دی جائے۔ دینی و عصری تعلیم میں توازن قائم کرتے ہوئے نئی نسل کو علم، اخلاق، کردار، ہنر اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے۔ یہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے ہم غربت، جہالت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پاسکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور دیگر رہنماؤں نے تعلیمی شعبے میں بہترین خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کرام اور دیگر شخصیات میں اعزازی شیلڈز، انعامات اور تحائف تقسیم کیے۔
اساتذہ کی تکریم، معیاری تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی پر توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے،مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

ٹیگز:
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ
