لاہور(ڈیلی گرین گوادر)،قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید ،صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید،صدرلاہور عظمی عمران نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ملک بھر کے اساتذہ کو سلام اور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ استاد صرف کتاب کا علم منتقل نہیں کرتا بلکہ نسلوں کی فکری، اخلاقی اور کردار سازی کرتا ہے۔ قوم کے مستقبل کی تعمیر میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے معاشرے میں استاد کو وہ عزت، مقام اور تحفظ ملنا چاہیے جس کا وہ حق دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو قوم اپنے اساتذہ کو عزت دیتی ہے، وہ اپنے مستقبل کو عزت دیتی ہے۔ عظمی عمران نےکہاکہ افسوس کہ ہمارے معاشرے میں استاد کو درپیش معاشی مشکلات، محدود وسائل، تعلیمی اداروں کے مسائل اور پیشہ ورانہ دباؤ نے اس مقدس شعبے کو متاثر کیا ہے۔ اساتذہ کو محض یومِ اساتذہ پر خراجِ تحسین پیش کرنا کافی نہیں، بلکہ ان کے مسائل کے حل اور باوقار زندگی کی ضمانت کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ استاد کی عزت صرف الفاظ اور تقریبات تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ بہتر تعلیمی ماحول، مناسب معاوضے، ملازمت کا تحفظ، پیشہ ورانہ ترقی اور فیصلہ سازی میں اساتذہ کی مؤثر شمولیت کے ذریعے اسے عملی شکل دی جائے۔ بالخصوص خواتین اساتذہ کو محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔نازیہ توحیدنے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے اور استاد اس بنیاد کا سب سے اہم ستون ہے۔ نئی نسل کو علم کے ساتھ کردار، ذمہ داری، اخلاق اور انسانیت کا شعور دینے والے اساتذہ دراصل ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
قائم مقام سیکرٹری جنرل نے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئیے استاد کو صرف ایک دن نہیں، ہر دن عزت دیں؛ کیونکہ کلاس روم میں روشن کیا گیا ایک چراغ آنے والی نسلوں کا راستہ روشن کرتا ہے۔ حکومت، تعلیمی اداروں، والدین اور معاشرے کو مل کر ایسا ماحول تشکیل دینا ہوگا جہاں استاد سر اٹھا کر اپنے منصبِ معلم کو ادا کر سکے۔

