لاہور (ڈیلی گرین گوادر) قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید ،صدروسطی پنجاب نازیہ توحید،صدرلاہور عظمی عمران نےآج 20 ستمبر کو حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف اسلام آباد کی طرف ہونے والے مارچ کے حوالے سے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد کی طرف روانہ ہونے والے قافلے صرف جماعت اسلامی کے کارکنان پر مشتمل نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کی آواز لے کر جا رہے ہیں۔ ملک کے چاروں صوبوں، ہر شہر اور ضلع سے عوام اپنے حقوق کے لیے اس پُرامن اور آئینی جدوجہد میں شریک ہوں گے۔ ان قافلوں کا جماعت اسلامی اور مہنگائ کے ستائے عوام کی جانب سے پر تپاک استقبال کیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ عوام پر مزید ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔ پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، مہنگائی میں کمی لائی جائے اور عام آدمی کو جینے کا حق دیا جائے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ صرف سفری اخراجات تک محدود نہیں رہتا بلکہ سبزی، آٹا، دودھ، کرایوں، تعلیم اور علاج سمیت زندگی کی بنیادی ضروریات کو بھی متاثر کرتا ہے۔ حکمرانوں کو سمجھنا ہوگا کہ عوام کی جیب لامحدود خزانہ نہیں ہے۔ثمینہ سعید نے کہا کہ پاکستان کی خواتین اس معاشی بحران کے اثرات کو براہِ راست محسوس کر رہی ہیں۔ جس ماں کے لیے گھر کا بجٹ بنانا مشکل ہو گیا ہے، جس خاندان کو بچوں کی فیس اور راشن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا ہے اور جس نوجوان کو روزگار کے مواقع میسر نہیں، ان سب کی مشکلات کے حل کے لیے جدوجہد ضروری ہے۔ 20 ستمبر کا مارچ کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی تصادم نہیں بلکہ پُرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، تاہم عوام کے جائز مطالبات کو مسلسل نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام پہلے ہی ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، اس لیے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ نہ کیا جائے۔ اشرافیہ کو مراعات اور عام آدمی کو مسلسل قربانیوں پر مجبور کرنے کی پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد میں بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب اور پاکستان کے ہر حصے سے عوام کی آواز پہنچے گی۔ یہ مارچ عوامی شعور کی بیداری اور اپنے حقوق کے لیے پُرامن جمہوری جدوجہد کا اظہار ہے۔ثمینہ سعید نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عوام کے حقوق کی اس جدوجہد میں اپنی ذمہ داری ادا کرتی رہے گی۔ ہم نہ عوام کا حق چھوڑیں گے اور نہ انہیں تنہا چھوڑیں گے۔عظمی عمران نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد میں عوام کا واضح پیغام ہوگاکہ
وہ پٹرولیم لیوی کا بوجھ مزید برداشت نہیں کریں گے-عوام کو حقیقی ریلیف چاہیے- مہنگائی فوری ختم کریں اور پاکستان کے عوام کو جینے کا حق دیا جائے
20 ستمبر سے اسلام آباد میں صرف قافلے نہیں، 25 کروڑ عوام کے حقوق کی آواز پہنچے گی: ثمینہ سعید , نازیہ توحید

