کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالتِ عالیہ بلوچستان میں نئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل ججز کے اعزاز میں پروقار ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، عدالت عالیہ بلوچستان کے معزز ججز، ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان لطیف کاکڑ، سروس ٹربیونل کے چیئرمین اکبر شاہ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عطا اللہ لانگو، سینئر وکلاء اور لا افسران نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل نے نئے تعینات ججز اور لا افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار ناگزیر ہے، جبکہ بار اور بینچ عدالتی نظام کے بنیادی ستون ہیں۔ دونوں اداروں کے درمیان باہمی احترام، تعاون اور اعتماد ہی مؤثر نظامِ انصاف کی ضمانت ہے۔چیف جسٹس نے عدالتوں میں غیر ضروری رش اور غیر متعلقہ افراد کی آمد سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صرف متعلقہ مقدمات سے وابستہ افراد ہی عدالتوں میں آئیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو غیر ضروری طور پر عدالت میں جمع کرنے کی مہم سے بھی اجتناب کیا جائے، کیونکہ اس سے نہ صرف عدالتی امور متاثر ہوتے ہیں بلکہ سکیورٹی کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔انہوں نے وکلاء سے اپیل کی کہ عدالت کے سکیورٹی عملے اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون اور احترام سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اہلکار وکلاء، ججز اور سائلین کی حفاظت کے لیے سخت حالات میں فرائض انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ غیر ضروری تنازعات سے گریز کیا جائے۔جسٹس محمد کامران خان ملاخیل نے بتایا کہ وکلاء اور سائلین کی سہولت کے لیے فیسلیٹیشن سینٹرز کو ون ونڈو سہولت میں تبدیل کرنے، خواتین کے لیے علیحدہ سہولیات فراہم کرنے اور ویڈیو لنک کی سہولت کو مزید وسعت دینے پر کام جاری ہے، جبکہ مارچ تک مزید ویڈیو لنک سہولت فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔انہوں نے بار روم، لائبریری اور وکلاء کے لیے دیگر سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے بار قیادت کے ساتھ مشاورت جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عطا اللہ لانگو نے کہا کہ بار اور بینچ دونوں اپنی شاندار روایات کے پاسدار ہیں اور وکلاء انصاف کی فراہمی، قانون کی بالادستی اور عدالتی وقار کے لیے عدلیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس نے نئے تعینات ہونے والے تمام ایڈیشنل ججز، ایڈووکیٹ جنرل، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز اور لا افسران کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار ناگزیر ہے، جسٹس محمد کامران خان ملاخیل

