لاہور (ڈیلی گرین گوادر)ایکسپو سینٹر لاہور میں جاری ’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ کے دوسرے روز پاکستانی مصنوعات کی نمائش میں خواتین کاروباری شخصیات، ہنرمند خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ نمائش کا مقصد پاکستانی مصنوعات، خواتین کی صلاحیتوں اور مقامی کاروبار کو فروغ دینا اور ملکی معیشت میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے پریس کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ “میرا برانڈ پاکستان‘‘ محض مصنوعات کی نمائش نہیں بلکہ پاکستان کے ہنرمند ہاتھوں، باصلاحیت خواتین اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔ پاکستان میں صلاحیت، ہنر اور وسائل کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ مقامی صنعت اور پاکستانی مصنوعات کو منظم انداز میں فروغ دیا جائے اور صارفین میں ’’پاکستانی خریدیں، پاکستان کو مضبوط کریں‘‘ کا شعور بیدار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ خواتین گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ صنعت و تجارت، دستکاری، فیشن، خوراک، تعلیم، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہیں کاروباری مواقع، مارکیٹ تک رسائی، جدید تربیت اور مناسب رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملکی معیشت کے استحکام میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ ہمیں درآمدی مصنوعات کے بجائے اپنے ملک کی محنت، ہنر اور صنعت کو ترجیح دینی ہوگی۔ مقامی مصنوعات کی حوصلہ افزائی دراصل پاکستان کے روزگار، صنعت اور خودکفالت کی حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے ’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ کے پلیٹ فارم کو پاکستانی خواتین کے لیے امید، حوصلے اور نئے کاروباری امکانات کا دروازہ قرار دیا۔ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کاروبار سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کے ہنر کو کاروباری مواقع سے جوڑا جائے اور انہیں مارکیٹ، برانڈنگ، جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن کاروبار کے تقاضوں سے روشناس کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری مضبوط خاندان اور مضبوط معیشت کی بنیاد بن سکتی ہے۔ڈائریکٹر ’’ہر دل تک قرآن‘‘ انیلہ محمود نے بھی نمائش میں شریک خواتین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حلال اور باوقار روزگار کے ذریعے خواتین اپنے خاندانوں کی کفالت کے ساتھ معاشرے کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب کاروبار کے ساتھ دیانت، امانت اور اخلاقی اقدار کو پیش نظر رکھنا ہی ایک مضبوط اور پائیدار معاشرے کی بنیاد ہے۔ بعد ازاں ڈاکٹر حمیرا طارق نے ٹیم کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا اور مختلف اسٹالز پر موجود پاکستانی مصنوعات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خواتین کی تیار کردہ مصنوعات میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ان کے معیار، جدت اور محنت کو سراہا۔نمائش کے دوسرے روز مختلف اسٹالز پر پاکستانی ملبوسات، دستکاری، گھریلو مصنوعات، کھانے پینے کی اشیا، آرٹ، جیولری، بیوٹی مصنوعات اور خواتین کے دیگر کاروباری برانڈز کو نمایاں کیا گیا۔ خواتین شرکاء نے ’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ کو پاکستانی ہنر اور مصنوعات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی ایک مؤثر کاوش قرار دیا۔
میرا برانڈ پاکستان: پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے دوسرے روز خواتین کا بھرپور جوش و خروش باعث تقویت ہے-ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
