کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق نے جمعیت کی بلدیاتی کمیٹیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے عوام حکومتی غفلت اور مسلسل بیحسی سے سخت مایوس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام عوامی مینڈیٹ کے احترام اور ووٹ کے تقدس کے تحفظ کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور بلدیاتی سطح پر منظم حکمت عملی کے ساتھ کوئٹہ کے دیرینہ مسائل کے حل کی طرف پیش رفت کی جائے گی۔ جے یوآئی ضلع کوئٹہ کے ترجمان کے مطابق جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی مرکزی کمیٹی برائے بلدیاتی انتخابات کا اہم اجلاس آج یکم دسمبر شام 6 بجے ضلعی سیکرٹریٹ میں زیر صدارت ضلعی سیکرٹری جنرل و چیئرمین مرکزی کمیٹی حاجی عین اللہ شمس منعقد ہوگا جس میں چاروں ٹاؤن کمیٹیوں کی کارکردگی رپورٹس کا جائزہ لے کر اہم فیصلے کئے جائیں گے۔زرغون ٹاؤن کمیٹی کا نمائندہ اجلاس مولانا محمد ایوب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ چلتن ٹاؤن کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رحیم الدین ایڈووکیٹ کی زیر صدارت ہوا۔ سریاب ٹاؤن کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالاحد کی صدارت میں ہوا۔ تکتو ٹاؤن کمیٹی کا اجلاس چیئرمین حاجی قاسم خان خلجی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مشاورت، روابط اور سماعتوں کے بعد سفارشات مرتب کرکے مرکزی کمیٹی کو ارسال کی گئیں۔
کوئٹہ کے عوام حکومتی غفلت اور مسلسل بیحسی سے سخت مایوس ہوچکے ہیں، مولانا عبدالرحمن رفیق

ٹیگز:
مولانا عبدالرحمن رفیق
