کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کی جیلوں میں قیدیوں کی صحت سے متعلق تشویشناک صورتحال سامنے آگئی ہے۔ محکمہ صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق صوبے کی مختلف جیلوں میں 258 قیدی خطرناک بیماریوں جیسے ٹی بی، ایچ آئی وی ایڈز اور ہیپاٹائٹس بی و سی میں مبتلا پائے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان کی 12 جیلوں میں مجموعی طور پر 2954 قیدیوں کی میڈیکل اسکریننگ کی گئی، جن میں سے 126 قیدی ٹی بی کے مریض، 6 قیدی ایڈز میں مبتلا اور ہیپاٹائٹس بی کے 45 جبکہ ہیپاٹائٹس سی کے 81 مریض پائے گئے۔ یوں ان مہلک بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کی مجموعی تعداد 258 تک جا پہنچی ہے۔رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ صوبے کی سینٹرل جیل مچ میں سب سے زیادہ 88 مریض قیدی پائے گئے ہیں، جو صوبے بھر میں صحت عامہ کے نظام کے لیے ایک سنگین خطرے کی نشاندہی ہے۔محکمہ جیل کے حکام نے بتایا کہ تمام جیلوں میں قیدیوں کی میڈیکل اسکریننگ مکمل کر لی گئی ہے، اب محکمہ صحت بلوچستان کے اشتراک سے مریض قیدیوں کے علاج اور حفاظتی اقدامات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔صوبائی محکمہ صحت نے سفارش کی ہے کہ تمام جیلوں میں طبی سہولیات، صاف پانی، صفائی کے انتظامات اور باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کو یقینی بنایا جائے تاکہ امراض کے پھیلا پر قابو پایا جا سکے۔عوامی اور انسانی حقوق کے حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جیلوں میں قیدیوں کی صحت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ قیدیوں کے لیے علیحدہ میڈیکل وارڈز قائم کیے جائیں تاکہ دیگر قیدیوں کو ان بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
بلوچستان کی جیلوں میں 258 قیدی ٹی بی، ایڈز اور ہیپاٹائٹس میں مبتلامحکمہ صحت کی تشویشناک رپورٹ

ٹیگز:
بلوچستان
