کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ زکواۃ کی تنظیم نو اور اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں مستحقین تک مالی امداد شفاف اور بروقت انداز میں پہنچانے کے لئے مؤثر میکنزم پر غور کیا گیا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں ایک جامع پلان مرتب کیا جائے گا جس میں محکمہ زکواۃ کی تنظیم نو، اصلاحات اور مؤثر حکمت عملی کے خدوخال شامل ہوں گے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحاتی عمل کے دوران محکمہ زکواۃ کے کسی بھی ملازم کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا، البتہ دستیاب افرادی قوت کو مؤثر انداز میں یوٹیلائز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا نظام چاہتے ہیں جس کے تحت زکواۃ کی رقم براہ راست اسٹیٹ بینک سے جاری ہوکر مستحق فرد کے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائے تاکہ کرپشن، کمیشن اور دفتری رکاوٹوں سے پاک ایک شفاف نظام قائم ہو وزیر اعلیٰ نے زکواۃ کی فراہمی میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سالوں سے مستحق افراد زکواۃ سے محروم ہیں جو کہ انتہائی تشویش ناک امر ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پیچیدہ دفتری عمل کے بجائے ایک سمارٹ اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے فوری اور براہ راست امداد یقینی بنائی جائے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک ماہ کے اندر اندر جامع سفارشات مرتب کرکے منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے محکمہ زکواۃکی ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں زکواۃ تقسیم کے عمل میں شفافیت لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور، زکواۃ و اوقاف محترمہ شہناز صادق عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر بابر خان، سیکرٹری زکواۃو مذہبی امور محمد اسحاق جمالی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
زکواۃفنڈ مستحقین کے اکاؤنٹس میں براہ راست منتقلی کا سمارٹ ڈیجیٹل میکنزم تشکیل دیا جائے،وزیراعلیٰ بلوچستان

ٹیگز:
وزیراعلیٰ بلوچستان
