حلقہ انتخاب میں بلاتفریق ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے جس سے مخالفین خوفزدہ ہیں،میرعبیداللہ گورگیج
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اورحلقے کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہرمشکل وقت میں میرا ساتھ دیا ہے،حلقہ انتخاب میں بلاتفریق ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے جس سے مخالفین خوفزدہ ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو گورگیج ہاؤس کوئٹہ میں سپریم کورٹآف پاکستان کی طرف سے حلقہ پی بی 44سے انکی کامیابی کو برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد مبارکباد دینے کیلئے آنے والے پارٹی کے صوبائی رہنما اختر بلوچ، لیبربیوروکے صوبائی صدرشاہجہان گجر،اسرار شاہوانی، بشیرلانگو، الہیٰ بخش لہڑی اوردیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی پارتی کے رہنماوں نے رکن اسمبلی عبیداللہ گورگیج کو سپریم کورٹ کے فیصلے پرمبارکباد پیش کی۔رکن اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے کہا کہ حلقہ پی بی 44کے عوام نے عام انتخابات میں ووٹ دیکر ہمیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا جس پر مخالفین نے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کیا الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو ہم نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیااورہم سپریم کورٹ سے سرخرو ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مختصر مدت میں حلقہ انتخاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں اور اب بھی حلقے میں ترقیاتی کام جاری ہیں جس سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے اور عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور حلقہ کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہون نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے عوام نے مجھ پر جس اعتما د کا اظہار کیا انشاء اللہ اسے ٹھیس نہیں پہنچاوں گا۔