فضل الرحمان کے بغیر بھی آئینی ترمیم کے لیے نمبر پورے کرنے کی کوشش کریں گے،بلاول بھٹو
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم آئینی ترمیم پر فضل الرحمان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، تاہم اگر اتفاق نہ ہوسکا تو پھر بھی نمبر پورے کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہاکہ امید تھی کہ آئینی اصلاحات پر فضل الرحمان ہمارا ساتھ دیں گے، تاہم انہوں نے مزید مشاورت کا کہا۔چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ اب مولانا فضل الرحمان ساتھ ہوں گے تو آئینی ترمیم کے مسودے میں بہتری آئے گی، اس سے قبل حکومت کے پاس جو مسودہ تھا وہ فائنل نہیں تھا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف چاہتی ہے حکومت، پارلیمنٹ اور عدلیہ نہ چلے، حالانکہ عمران خان خود بھی آئینی اصلاحات کی بات کرچکے ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ اس بات میں کوئی وزن نہیں کہ آئینی ترمیم عمران خان کو جیل میں رکھنے کے لیے کی جارہی ہے۔