ڈاکٹر یونس کا بنگلادیش میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کے بعد الیکشن کرانے کا اعلان

ڈھاکا(ڈیلی گرین گوادر) بنگلا دیش میں طلبہ احتجاج کے بعد بننے والی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے ملک میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کے بعد عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔سربراہ عبوری حکومت پروفیسر محمد یونس کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش میں حالات معمول پر لاتے ہوئے اصلاحات شروع کریں گے، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور سول انتظامیہ میں اہم اصلاحات لائیں گے۔

نوبیل انعام یافتہ عبوری سربراہ حکومت کا کہنا تھا سکیورٹی فورسزاور میڈیا میں بھی اہم اصلاحات لائیں گے، اصلاحات کے بعد آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرائیں گے۔ڈاکٹر محمد یونس کا کہنا تھا احتجاج میں ہلاک اور متاثرہ افراد کو انصاف دلانا ترجیح ہے، یو این تفتیش کاروں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

خیال رہے کہ بنگلا دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف شروع ہونے والی طلبہ تحریک کے باعث شیخ حسینہ واجد 5 اگست کو وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دیکر بھارت فرار ہو گئی تھیں۔

شیخ حسینہ واجد کے بھارت فرار ہونے کے بعد بنگلا دیش کے آرمی چیف نے ملک کی باگ دوڑ سنبھالی اور پھر طلبہ رہنماؤں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ڈاکٹر محمد یونس کو عبوری سربراہ حکومت مقرر کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے