کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں انتخابات کے دوران امن و امان کے قیام اوربھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا کردارادا کریں کوئی بھی ایسا کام نہ کریں جس سے نفرتیں پیدا ہوں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے جس کی اپنی روایات ہیں انتخابات میں سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر تنقید برائے تنقید کی بجائے مثبت تنقید کریں تاکہ کسی کی دل آزاری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات تو 8فروری کو ہوجانے ہیں لیکن ہم نے اسی صوبے میں رہنا ہے نوجوانوں کوبھی چاہئے کہ وہ جذباتی ہونے کی بجائے صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں اورایک دوسرے کی بات کو برداشت کریں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں انتخابات کے دوران بہت سی قبائلی رنجشیں پیدا ہوئیں جس کاخمیازہ صوبے کے عوام آج تک بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ صبر وتحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور انتخابات کے دوران کوئی بھی ایسا اقدام نہ اٹھائیں جس پر بعد میں پچھتانا پڑے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ صوبے میں نفرتوں کے خاتمے اور امن وبھائی کے فروغ کے لئے کام کر رہا ہے اور کسی کوبھی بلوچستان کی روایات کے خلاف کام کی ہرگز اجازت نہیں دیگا۔
سیاسی جماعتیں انتخابات کے دوران امن و امان کے قیام اوربھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا کردارادا کریں،لالہ یوسف خلجی

ٹیگز:
لالہ یوسف خلجی
