نگلینڈ : انگلینڈ نے ہیری بروکس کی ذمے دارانہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ مارک وُڈ اور کرس ووکس کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کو تیسرے ایشز ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں خسارہ کم کرتے ہوئے 2-1 کردیا۔پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے سرفہرست بلے باز انگلش فاسٹ باؤلرز کے خلاف بے بس نظر آئے اور ایک موقع پر مہمان ٹیم 85 رنز پر چار وکٹیں گنوا بیٹھی تھی اور لگتا تھا کہ انگلش بلے باؤلرز جلد ان کی بساط لپیٹ دیں گے لیکن 2019 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مچل مارش نے میزبان باؤلرز کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔
مچل مارش نے 118 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 155 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس مرحلے پر کرس ووکس نے ان کی اننگز کا خاتمہ کر کے پانی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، مارش نے 4 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 118 رنز کی باری کھیلی۔اس کے بعد مارک وُڈ نے شاندار اسپیل کی اور یکے بعد دیگرے چار وکٹیں لیتے ہوئے پوری آسٹریلین ٹیم کو صرف 263 رنز پر چلتا کردیا۔
پہلی اننگز میں انگلینڈ کی صورتحال بھی آسٹریلیا سے کچھ مختلف نہ تھی اور 87 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی لیکن کپتان بین اسٹوکس نے ایک مرتبہ مرد بحران کا ثبوت دیتے ہوئے 80 رنز کی باری کھیل کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔

