کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینئر سیاستدان سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ عوامی اور ملکی مسائل کے حل پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی اور ذاتی مفاد ات کی ترجیح دینے کے باعث آج ملک سنگین معاشی،سیاسی، معاشرتی مسائل کا شکار ہے، سیاسی قیادت کے غلط طرز عمل کی وجہ سے اداروں کو سیاست میں مداخلت اور آئین کی پامالی کا موقع ملا، سیاسی فیصلے پارلیمان میں ہوتے تو شاید آج پارلیمنٹ اس قدر بے توقیر اور ملک مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا نہ ہوتا۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ پاکستان میں بیساکھیوں پر کھڑی جمہوریت انتہائی سنگین حالات سے گزر رہی ہے، ملک کو درپیش معاشی اور سیاسی مسائل کی ذمہ دار ازخود سیاسی اشرفیہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کی حوس ترقیاتی فنڈز و ذاتی مفادات کے حصول کی سوچ کی تکمیل کے لیے سیاسی قیادت کے جائز ناجائز طرزعمل نے ریاستی اداروں کو سیاست میں مداخلت،آئین کی پامالی اور پارلیمنٹ کی بے توقیری کے مواقع فراہم کیے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت جن بحران کا شکار ہے ایسی صورتحال میں ایک دوسرے پر الزام تراشی،ذاتیات پر غیر پارلیمانی تنقید سے سلگتے ہو مسائل سے چھٹکارہ ممکن نہیں ہے، مضبوط،بااختیار،باوقار پارلیمنٹ کے زریعے ہی ریاستی اداروں کو آئین کے مطابق فرائض کی بجاآوری عوامی رائے کااحترام اورمعاشی اور سیاسی مسائل کا حل ممکن بنایاجاسکتا ہے۔سینیٹر سعید ہاشمی نے کہا کہ سیاسی قیادت ماضی کی کوتاہیوں اور غلطیوں سے سبق حاصل کرے اور ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں باوقار پارلیمان کی بحالی کے سیاسی وڑن اور سوچ کوفروغ دے تاکہ ریاست کی مضبوط فیصلہ سازی کی قوت اور ممبران پارلیمنٹ کاوقار واحترام کی بحالی ممکن ہو سکے۔
سیاسی قیادت کے غلط طرز عمل کی وجہ سے اداروں کو سیاست میں مداخلت اور آئین کی پامالی کا موقع ملا، سعید احمد ہاشمی

ٹیگز:
سعید احمد ہاشمی
