کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 25 دسمبر کا دن مسلمانوں اور مسیحی برادری کیلئے یکساں طور پر خوشیوں بھرا دن ہے۔یہ دن حضرت عیسی ؑ کا یوم ولادت بھی ہے اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا بھی۔کرسمس کا تہوار یگانگت، محبت اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ خوشیاں بانٹنے سے محبت، بھائی چارے اور اخوت میں اضافہ ہوتا ہے۔وزیر داخلہ نے کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امن اورمحبت کا فروغ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی تعلیمات کا خاصہ ہے۔ دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق تمام انبیاء کرام کی عزت و توقیر کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سمیت تمام انبیاء پر ایمان دین اسلام کا لازمی جزو ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریو ں کو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں۔مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے۔
دسمبر کا دن مسلمانوں اور مسیحی برادری کیلئے یکساں طور پر خوشیوں بھرا دن ہے،میر ضیاء اللہ لانگو

ٹیگز:
میر ضیاء اللہ لانگو
