قلات (ڈیلی گرین گوادر) ڈویژنل ڈائیریکٹر ہیلتھ قلات ڈویژن سلطان محمد رودی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قلات فدا بلوچ نے کہا ہے محکمہ صحت بلوچستان کے زیراہتمام ٹائیفائڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی مہم شروع ہوگئی ہے والدین اپنے 9 ماہ سے 15 سال تک کے بچوں کو ٹائفائیڈ ویکسینیشن کروائیں جو ٹائفائیڈ جیسے موذی مرض سے بچاؤ کے لئے اہم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرلز پبلک سول مسلم محلہ قلات میں ٹائفائیڈ ویکسینیشن مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے سیکریٹری صحت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں قلات ضلع میں ٹائفائیڈ ویکسینیشن مہم شروع کردی گئی ہے۔اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر نصراللہ لانگو، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر اقبال نورزئی، مانیٹرنگ آفیسرمیربلال مینگل،پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حفظ الرحمن شاہ، یونیسیف بلاول لہڑی، ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر نصیر کرد، ہیڈ مسٹریس پبلک گرلز ہائی سکول ودیگر موجود تھے۔اس موقع پر بچیوں کو ٹائفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹائفائیڈ سے بچاؤ کے لئے یہ حفاظتی ٹیکہ جات بہت ضروری ہے یہ مہم صدر قلات اور ایم سی قلات ایریا میں 3 اکتوبر 15 اکتوبر تک جاری رہے گی جس کے دوران 9 ماہ سے 15 سال تک کے 20000(بیس ہزار) سے زائد بچوں کو ٹیکہ جات لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے مختلف ٹیمیں اسکولوں، مدارس اور محلوں میں جاکر بچوں کو ٹائفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائیں گے۔انہوں نے سماجی سیاسی قبائلی و مذہبی حلقوں کے ساتھ ساتھ والدین سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ صحت قلات کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ٹائفائیڈ سے پاک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کریں،میڈیا بھی معاشرے میں اس مہم کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے اپنے اپنے پلیٹ فارم سے جدوجہد کریں۔
محکمہ صحت بلوچستان کے زیراہتمام ٹائیفائڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی مہم شروع ہوگئی ہے،سلطان محمد رودی

ٹیگز:
سلطان محمد رودی
