دہشتگردوں کا اسکول پر دھماکا بلوچستان میں ان کی تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے،شہباز شریف
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مستونگ میں گرلز ہائی اسکول پر بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں 3بچوں اور ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ وزیرِاعظم نے شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔وزیرِ اعظم نے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا اسکول پر دھماکا بلوچستان میں ان کی تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشتگرد ایسے بزدلانہ حملوں سے ہماری قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔’ایسے حملے حکومت کے بلوچستان میں تعلیم و ترقی کے فروغ کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔‘وزیرِاعظم نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دینے والے پولیس کے افسران و جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔