سریاب دارالخلافہ کوئٹہ کا علاقہ ہونے کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، سردار احمد خان شاہوانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے رہنماو بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 46سے نامزد امیدوار سردار احمد خان شاہوانی نے کہا ہے کہ عوام 8فروری کو جمعیت علماء اسلام کے امیدواروں کے انتخابی نشان”کتاب“ پرمہرلگاکر دین دوستی کا ثبوت دیں،قوم پرست نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی بلکہ علاقے کے عوا م کی ترقی و خوشحالی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈزکرپشن اور بدعنوانی کی نظرکردیئے عوام اب ووٹ کے ذریعے قوم پرست جماعتوں کااحتساب کریں گے۔یہ بات انہوں نے منگل کوسریاب روڈپرانتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سرداراحمدخان شاہوانی نے کہا کہ سریاب دارالخلافہ کوئٹہ کا علاقہ ہونے کے باوجود اکیسویں صدی میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ماضی میں حلقے سے کامیاب ہونے والے نمائندوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے حکومت کی جانب سے ملنے والے اربوں روپے کے فنڈزصرف اور صرف اپنی ذات پرخرچ کئے۔انہوں نے کہاکہ عوام اب باشعور ہوچکے ہیں وہ کسی کے خوشنمانعروں میں نہیں آئیں گے سریاب کے عوام نے جمعیت علماء اسلام کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے اب 8فروری کو صرف اعلان ہوناباقی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام 8فروری کو گھروں سے نکل کرجمعیت علماء اسلام کے امیدواروں کے انتخابی نشان ”کتاب“ پر مہرلگائیں جمعیت اقتدارمیں آکرعوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے