عدالت عالیہ بلوچستان کا سوئی گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافے اور اوور بلنگ کے حوالے سے دائر آئینی درخواست کی سماعت

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عدالت عالیہ بلوچستان کے ججز جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس اقبال احمد کاسی پر مشتمل بینچ نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کی جانب گیس کی قیمتوں میں اضافے اور اوور بلنگ کے حوالے سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران SSGCL اور OGRA کے نمائندوں نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جسے معزز بینچ نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے واپس کردیا۔ معزز بینچ نے گیس حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے بارہا احکامات کے باوجود گیس کمپنی عوامی شکایات دور کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عدالت نے اے اے جی کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت اور گیس کمپنی حکام سے رابطہ کرکے رپورٹ پیش کریں۔ نیز صوبے سے پیدا ہونے والی گیس کی کل مقدار اور طلب و رسد کے حوالے سے تمام تر تفصیلات سے کورٹ کو آگاہ کیا جائے۔ معزز بینچ نے شہریوں عزیز اللہ داؤد خان اور سلمان سنجرانی کی اوور بلنگ کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کیسوں کو چیف مینیجر انچارج بلنگ سیکشن SSGCL کو بھجوانے کے احکامات دیتے ہوئے حکم دیا کہ قانون کے تحت دس روز کے اندر شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ معزز بینچ کو بتایا گیا کہ نواکلی کوئٹہ میں 12 انچ قطر پائپ لائن جبکہ اندرون شہر 16 انچ قطر پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیاگیا ہے۔ معزز بینچ کو بتایا گیا کہ ایف سی رہائشی کالونی نواکلی کی گیس پائپ لائن کی رقم ادا کی جاچکی ہے۔ بینچ کو NHA کے نمائندے نے بتایا گیا کہ شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کینٹ نے NHA کے واجب الادا رقم بارہا نوٹسز کے باوجود ادا نہیں کی۔ معزز بینچ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ زید ہسپتال کوئٹہ اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کوئٹہ کو بلیک ٹاپنگ کی تمام تر تفصیلات کے ساتھ اگلی سماعت بمورخہ 07 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے