ٹانک، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 2 جوان شہید، 3 دہشت ہلاک
ٹانک (ڈیلی گرین گوادر) آرخیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران پاک فوج کے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ 3 دہشت گرد مارے گئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والوں میں پنجاب کے ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ نائیک محمد عتیق اور اٹک سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ نائیک رجب علی شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے علاقے زرغون میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 جوان شہید ہوگئے تھے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کیا۔
خیال رہے کہ 13 مئی کو بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے کمپاؤنڈ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک شہری سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ اس کارروائی میں ایک خاتون سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔