کچھی انتظامیہ کی کامیاب کاروائی ملزمان کی گرفتاری سے علاقے کے عوام نے سکھ اور سکون کا سانس لیا ہے، سردار کمال خان بنگلزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے سنی شوران کے علاقے میں ضلع کچھی انتظامیہ کی کامیاب کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن میں گرفتار اشتہاری ملزمان ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور قتل کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے جن کی گرفتاری سے علاقے کے عوام نے سکھ اور سکون کا سانس لیا ہے۔ اپنے ایک جاری کئے گئے بیان میں میں سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی کا کہنا تھا کہ ملزمان پر 33سے زائد مقدمات درج ہیں اور یہ اشتہاری ملزمان 4 لہڑی قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کے قتل میں بھی ملوث تھے جن کے حوالے سے ہم نے پریس کانفرنس بھی کی تھی ان ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں کمشنر نصیر آباد ڈپٹی کمشنر ضلع کچھی اور انکے دیگر عملے کا مشکور ہوں جنہوں نے ایسے خطرناک اشتہاری ملزمان کے خلاف آپریشن کرکے انہیں گرفتار کیا علاقے کے عوام ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ ان اشتہاری ملزمان نے علاقے میں دہشت پھیلا رکھی تھی 33سے زائد ایف آئی آرز ان پر درج ہیں اور ڈکیتی، اغواء برائے تاوان، قتل و غارت گری کے مختلف مقدمات میں پولیس اور لیویز کومطلوب ہے انکی گرفتاری سے علاقے کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ کمشنر نصیر آباد اور ڈپٹی کمشنر کچھی نے ان کی گرفتاری کے حوالے سے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے بلا خوف و خطر پوری کی ہے۔ علاقے میں قیام امن کیلئے انکی کاوش قابل تحسین عمل ہے میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ امن وا مان کو برقرار رکھنے کیلئے ان کے ایسے مثبت اقدامات پر ہمارا اور علاقے کے عوام کا تعاون ہر سطح پر انہیں حاصل ہوگا ہم اس بات کا قائل ہیں کہ امن سے ترقی وابستہ ہے۔ علاقے میں امن ہوگا تو ترقی بھی ہوگی اور عوام خوشحال بھی ہوں گے آخر میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور متاثرین کو انصاف ملے گا۔