بلوچستان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، آغا حسن بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل انرجی ایفیشنسی کنسرویشن اتھارٹی، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے مابین انرجی ایفیشنسی کنسرویشن سے متعلق یاد داشت پر دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر نیکا، کیسکو کے سینئر افسران اور بیوٹمز کے فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ ایم او یو تقریب سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کریں۔ سولر سسٹم کو متعارف کروانے سے بلوچستان کے زمینداروں اور محکمہ زراعت کو درپیش مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیوٹمز یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یو کا مقصد یہاں کے طلباء کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ریسرچز کنڈکٹ کی جائیں اور توانائی سے متعلق درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔ جبکہ یونیورسٹی کے طلباء کو انٹرن شپس بھی آفر کی جائیں گی۔بلوچستان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ وائس چانسلر بیوٹمز انجنیئراحمد فاروق بازئی نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ کامسیٹس یونیورسٹی کا قیام خوش آئند ہے۔ صوبے کا تعلیمی معیار بلند ہونے میں مدد ملے گی۔ تقریب سے ایم ڈی نیکا سردار معظم، چیف انجینئر کیسکو نعیم کاکڑ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں تینوں اداروں کی جانب سے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ ایم او یو کے اہم نکات کے مطابق بیان کردہ علاقوں میں تکنیکی مہارت اور صلاحیت کی تعمیر فراہم کرنا جبکہ تسلیم شدہ ٹیسٹنگ لیب کے قیام کے لیے فنڈز تک رسائی کے لئے یونیورسٹی کو ادارہ جاتی مدد اور مواقع فراہم کرناہے اور توانائی کی کارکردگی سے اور اسکے تحفظ سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔