بلوچستان کو اب آگے بڑھنا ہے، امن وخوشحالی کی منزلیں طے کرناہیں، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان ساؤتھ

تربت(ڈیلی گرین گوادر) انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان ساؤتھ میجرجنرل کمال انور چوہدری نے کہاہے کہ بلوچستان کو اب آگے بڑھنا ہے اور امن وخوشحالی کی منزلیں طے کرناہیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ کیچ اور ایف سی بلوچستان ساؤتھ کی جانب سے کیچ اسٹیڈیم میں منعقدہ بلوچ کلچرڈے کے میگاایونٹ کے افتتاح کے موقع پرمیڈیانمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری وومن ڈیولپمنٹ ماہ جبین شیران، کمشنرمکران ڈویژن شبیر احمد مینگل، ڈپٹی کمشنرکیچ حسین جان بلوچ سمیت پولیس،لیویز، ایف سی بلوچستان،سرکاری ملازمین اور عوامی حلقوں کی ایک بہت بڑی تعداد تقریب میں موجود تھیں،آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجر جنرل کمال انور اور پارلیمانی سیکریٹری برائے ترقی نسواں ماہ جبین شیران نے مشترکہ طور پر ربن کاٹ کر باقاعدہ تقریب کا آغاز کیا، کلچرل شو میں 70سے زائد اسٹالز لگائے گئے تھے جن پر لوگوں نے خصوصی دلچسپی کااظہارکیا،ان اسٹالوں میں لگے ہوئے پرانے زمانے کے علاقائی اور مختلف قسم کے ثقافتی سازو سامان کے بارے میں اسٹال لگائے والوں سے معلوم دریافت کیے، آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل کمال انور، کمشنر مکران ڈویژن شبیر احمد مینگل،ڈی سی کیچ حسین جان بلوچ کو تقریب کے دوران ایک اسٹال کے مالک کی جانب سے روایتی بلوچ پگڑی بھی پہنائی گئی، پروگرام کے ایک آرگنائزر نے آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل کمال انور کو تقریب کے دوران یادگاری شیلڈ بھی پیش کی،آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل کمال انور نے بلوچ کلچر ڈے کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پروگرام میں شرکت کرکے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے اس طرح کے ثقافتی پروگرام منعقد کرنے سے پاکستان کے مختلف صوبوں کے عوام کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگی اور ہمیں ایک دوسرے کے کلچر کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد ملے گی،انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کے ایونٹ مستقبل میں بھی منعقد ہوتے رہیں گے، انہوں نے پروگرام کے انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں اسٹالوں کو بہت خوب صورت طریقے سے سجایا گیا ہے جس سے متاثر ہوکر عوام کی ایک بہت بڑی تعداد پروگرام میں شرکت کے لیے موجود ہے، انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے بلوچستان کو ترقی دینا ہے تو ہم نے ایک مثبت انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ ملکر آگے بڑھنا ہوگا،دریں اثناء پارلیمانی سیکریٹری برائے ترقی نسواں ماہ جبین شیران نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ ایک بہت قدیم قوم ہے اور ہم بلوچوں کا پرانا اور مضبوط ثقافت ہے، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد کریں تاکہ ہمیں اپنے کلچر کو فروغ دینے میں مدد مل سکے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ثقافتی ورثہ کو زندہ رکھنے کے لیے محکمہ ثقافت کے پاس وافر مقدار میں فنڈز موجود ہیں انہیں چاہیے کہ مختلف طرح کے ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کریں تاکہ بلوچ ثقافت کو پروان چڑھانے میں مدد مل سکے،آخر میں آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل کمال انور اور پارلیمانی سیکریٹری برائے ترقی نسواں میڈم ماہ جبیں شیران نے تقریب میں موجود بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے،بعد ازاں شام کو دیر گئے تک تقریب میں ایک شاندار محفل موسیقی کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس میں بلوچستان کے مشہور گلوکار عارف بلوچ اور شاہ جہاں بلوچ ودیگر فنکاروں نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا اور تقریب میں شامل لوگوں سے خوب داد وصول کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے