لتا منگیشکر نے شادی کیوں نہیں کی تھی؟
معروف بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر نے شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور پوری زندگی اکیلے ہی گزاری۔لتا منگیشکر نے اپنی ایک طویل عمر بھارتی فلم انڈسٹری کے ساتھ جڑے رہ کر گزاری لیکن اس تمام عرصے میں وہ اپنی نجی زندگی کے حوالے سے ہونے والی قیاس آرائیوں پر خاموش رہیں۔2013 میں ایک انٹرویو کے دوران گلوکارہ نے زندگی میں محبت، شادی اور بچوں کی اہمیت کے بارے میں بات کی تھی۔انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ ’محبت نے ان کی زندگی میں کیا کردار ادا کیا اور ان کی زندگی میں خوش قسمت آدمی کون تھا؟لتا منگیشکر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’کچھ باتیں صرف دل کو ہی پتہ ہونی چاہئیں اور وہ ان باتوں کو صرف اپنے دل تک ہی محدود رکھنا چاہتی ہیں اُنہوں نے اس انٹرویو میں اس عام تصور کے بارے میں بھی بات کی کہ عورت اس وقت تک ‘نامکمل’ ہے جب تک کہ وہ شادی نہ کرے اور اس کے بچے نہ ہوں۔ اُنہوں نے اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’لوگ ہر طرح کی باتیں کرتے ہیں، اس لیے انہیں نظر انداز کرنا سیکھیں‘۔اُن کا کہنا تھا کہ’اگر ایسا نہیں کریں گے تو خوشگوار زندگی گزارنا مشکل ہو جائے گا، منفی اور افسردہ کر دینے والی باتوں کو خود سےدور رکھنا چاہیے‘لتا منگیشکر نے شادی کے حوالے سے کرن راؤ کے ایک انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’کرن راؤ نے اس حوالے سے بہت خوبصورت بات کی ہے کہ انسان کو پہلے اپنے اندر کی خوشی اور مکمل ہونے کے احساس کو تلاش کرنا چاہیے ورنہ صرف شادی یا اولاد سے خود کو مکمل کرنے کا خواب اپنی اہمیت کھو دیتا ہے‘۔