بارشوں نے گوادر اور تربت سمیت اورماڑہ،پسنی اور لسبیلہ میں تباہی برپا کردی،اسلم بھوتانی
لسبیلہ(ڈیلی گرین گوادر) لسبیلہ گوادر سے منتخب رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حالیہ بارشوں سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے نقصانات کی جانب وفاقی حکومت کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں سانحہ مری افسوس ناک ہے اور اس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا جس پر ہم اہل بلوچستان کی جانب سے پسماندگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں لیکن حالیہ بارشوں نے گوادر اور تربت سمیت اورماڑہ،پسنی اور لسبیلہ میں تباہی برپا کردی بارشوں نے غریب لوگوں کے گھر اْجار دیئے سینکڑوں کی تعداد میں کچے مکانات منہدم ہوئے ہیں زمینداروں کے بندات ٹوٹ گئے ہیں ایم این اے اسلم بھوتانی نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے گوادر اور پسنی کو آفت زدہ علاقہ قرار دیا انھوں نے حکومت کی لسبیلہ اوتھل کے نواحی علاقہ دیریا واقعہ کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ وہاں پر بارشوں کے سبب مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں 3بچے شہید ہوئے اور متعدد مرد وخواتین زخمی ہو ئے ایم این اے اسلم بھوتانی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میری آپ کی توسط سے وفاقی حکومت سے گزارش ہیکہ بلوچستان گورنمنٹ کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ بڑے پیمانے پر ریلیف کا کام کر سکے لہذا وفاق صوبے کی مدد کرے انھوں نے کہاکہ اورماڑہ پسنی تربت گوادر جیونی اوتھل لسبیلہ میں بارشوں سے کافی تباہی ہوئی ہے لہٰذا میری وفاقی حکومت سے گزار ش ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان بالخصوص مکران اورصوبے کی ساحلی پٹی کے اضلاع و علاقوں میں جو نقصانات ہوئے ہیں انکا ازالہ کرنے کیلئے کوئی پیکج دے جس سے جن لوگوں کے گھر بندات تباہ ہو تے ہیں تاکہ امداد سے متاثرین اپنے گھر تعمیر کراکے اپنے سر پر سایہ قائم کر سکیں اور زمیندارمتاثر ہوئے ہیں انکے لئے بلڈوزر اور امدادی رقم کا اعلان کیا جائے تاکہ وہ زپنی زمینداری بحال کر کے اپنے پاؤں پرکھڑے ہوسکیں ایم این اے اسلم بھوتانی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ گوادر سی پیک کا جھومر ہے لہٰذا گوادر توجہ کا مرکز ہونا چاہئے انھوں نے کہاکہ 64بلین ڈالر ز کی چائنا کی انویسٹمنٹ گوادر کی وجہ سے ہے اگر گوادر کا گہرا سمندر نہ ہوتا تو شاید سی پیک بھی نہ آتا انھوں نے کہاکہ گوادر کی وجہ سے اتنی بڑی سرمایہ کاری چائنا کر رہا ہے لیکن گوادر کے غریب لو گ ننگے پاؤں اور بغیر چھت کے رہنے پر مجبور ہیں لہٰذا ان غریب لوگوں کا خیال رکھا جائے اور تربت اور گوادر دونوں اضلاع کو مکمل طور پر آفت زدہ علاقہ قرار دیا جائے اور فیڈرل حکومت ریلیف کے کاموں میں بلوچستان حکومت کی مدد کرے انھوں نے وفاقی وزیر سمندر ی اْمور میری ٹائم علی زیدی کی توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ وہ گوادر اور بلوچستان کی پوری ساحلی پٹی کا دورہ کریں اور وزیر اعظم کو حالیہ بارشوں کی تباہ کاریوں کی رپورٹ دیں تاکہ بارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد ہوسکے۔