خاران، بم دھماکہ 13افراد زخمی 2کی حالت تشویشناک وزیراعلیٰ بلوچستان کی دھماکے کی مذمت

خاران/کوئٹہ (گرین گوادر نیو) بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے چیف چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 13افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 2کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت اورمتعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کاحکم دیدیاہے،پولیس کے مطابق گزشتہ روز خاران کے علاقے چیف چوک پر دھماکے کے نتیجے میں 13افراد جن میں عابد ولد میرزا،ثناء اللہ،فیصل ولد ابراہیم،محمدآصف ولد حضور بخش،عبدالمالک،فرید احمد،محمدعلی،اخلاق،حاجی منیراحمد،مرید احمد، عطاء محمد،مقبول احمد اور مزمل احمد شامل ہیں۔زخمیوں میں سے 2کی حالت تشویشناک ہے۔سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ دھماکے میں 4 سے 5 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا اور دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا۔حکام کے مطابق دھماکے میں شدید زخمی ہونے والوں کو علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے خاران میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا۔انہوں نے دہشت گردی کی اس کارروائی میں بے گناہ افراد کے زخمی ہونے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔عبدالقدوس بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کی عوام دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ساتھ ہی وزیراعلی نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔خیال رہے کہ 2 روز قبل مکران ڈویژن کے علاقے پنجگور ٹان میں بم دھماکے سے 2 راہگیر جاں بحق جبکہ 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے چتکان بازار کے علاقے میں موٹر سائیکل پارک کی جس میں دھماکا خیز مواد نصب تھا، جب فرنٹیئر کور (ایف سی)کی گاڑی وہاں پہنچی تو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکا کردیا گیا۔اس سے قبل گزشتہ ماہ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 17 زخمی ہو گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے