پاکستان میں ستر سے پچھتر فیصد امراض اطفال بوتل فیڈنگ کی وجہ سے ہوتے ہیں ،ڈاکٹرربابہ بلیدی

کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بدھ کو یہاں سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں محکمہ صحت بلوچستان اور یونیسف کے اشتراک سے قائم بے بی فیڈنگ اینڈ نرسنگ کارنر کا افتتاح کیا اس موقع پر یونیسف بلوچستان کی سربراہ مس گیریڈا،ایس بی کے وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناہید حق، ای پی آئی کے سربراہ ڈاکٹر اسحاق خان پانیزئی نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ کے شاہ محمد اور یونیسف کے  افسران بھی موجود تھے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ پاکستان میں   ستر سے پچھتر فیصد  امراض اطفال  بوتل فیڈنگ کی وجہ سے ہوتے ہیں   جس کے تدارک کیلئے ضروری ہے کہ ماوں میں بریسٹ فیڈنگ کی افادیت و اہمیت کو موثر طور پر اجاگر کیا جائے، بلوچستان میں بے بی فیڈنگ اینڈ نرسنگ کارنرز کا قیام ہمیں دیگر صوبوں سے منفرد اور ممتاز کرتا ہے کیونکہ پاکستان میں خواتین کے لئے اس سہولت کا آغاز ہم نے بلوچستان سے کیا ہے جس کو وفاقی وزرات صحت نے بھی سراہا ہے اور وزیر اعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے دیگر صوبوں میں بھی اس طرح کی بے بی فیڈنگ اینڈ نرسنگ کارنرز کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں اس طرح کے 25 مراکز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور ابتک ایسے 6 کارنرز قائم کر دئیے گئے ہیں جن میں سیشن کورٹ، بلوچستان یونیورسٹی،  کوئٹہ انٹر نیشنل ائیر پورٹ،  کچہری،  سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ اور سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی شامل ہیں ان مراکز کے قیام سے نہ صرف بریسٹ فیڈنگ کی ترویج ہوگی بلکہ نوزائیدہ بچوں کی بیماریوں میں نمایاں کمی ہوگی کیونکہ نوزائیدہ بچوں میں بیماریوں کی ایک بڑی وجہ ڈبے کا دودھ اور بوتل فیڈنگ ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے بعد بے بی فیڈنگ اینڈ نرسنگ کارنرز  ڈویڑن اور ضلعی سطح پرقائم کئے جائیں گے جس سے عوامی مقامات پر خواتین کو بریسٹ فیڈنگ کے ساتھ ساتھ خوا تین کو نماز اور واش روم و مختصر آرام کی سہولت پردہ داری میں حاصل ہونگی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں بے بی فیڈنگ اینڈ نرسنگ کارنر کے قیام سے ناصرف جامعہ کی ملازم خواتین بلکہ اردگرد قائم اداروں کی ملازم پیشہ خواتین کو بھی سہولیات میسر آئیں گی پارلیمانی سیکرٹری صحت نے بے بی فیڈنگ اینڈ نرسنگ کارنرز کے قیام کے لئے یونیسف کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صحت عامہ کے لئے کام کرنے والے اداروں کا تعاون معیاری طبی سروسز کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیسف بلوچستان کی سربراہ مس گیریڈا نے کہا کہ عوامی مقامات پر بے بی فیڈنگ کی سہولیات مہیا کرنا محکمہ صحت بلوچستان کی غیر معمولی پیش رفت ہے یونیسف کی ٹیم نے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی کارکردگی اور ذاتی دلچسپی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سربراہی میں ہونے والے اقدامات محکمہ صحت بلوچستان کی درست سمت میں تعین کا مظہر ہیں جس کو یونیسیف سمیت عالمی ادارے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بعد ازاں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور یونیسف بلوچستان کی سربراہ مس گیریڈا اور ان کی ٹیم نے ایس بی کے وویمن یونیورسٹی میں بے بی فیڈنگ اینڈ نرسنگ کارنر اور ڈے کئیر سنٹر کا معائنہ کیا وائس چانسلر ڈاکٹر ناہید حق نے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور یونیسف بلوچستان کی سربراہ مس گیریڈا  کو سوئنیر پیش کئے قبل ازیں یونیورسٹی پہنچنے پر ایس بی کے وویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناہید حق نے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا استقبال کیا اور پھول پیش کئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے