حکومت قانون کی حکمرانی اور قیام امن کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے شیخ جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے جس میں امن و امان کی مخدوش صورتحال تشویشناک ہے حکومت قانون کی حکمرانی اور قیام امن کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھاتے ہوئے سیکورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لے، پولیس اور انتظامیہ کی لینڈ مافیاء کے خلاف کاروائی خوش آئند ہے تاہم کوئٹہ میں لینڈ مافیا کے خلاف سندھ میں ڈاکوؤں کے خلاف کی طرز پر گرینڈ آپریشن کیا جانا چاہیے، یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے متعدد واقعات تشویشناک ہیں جن سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ شاید حکومت کی توجہ قیام امن کی بجائے کسی اور جانب ہے امن و امان قائم کئے بغیر ترقیاتی منصوبے یا میگا پروجیکٹس کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا جاسکتا اور نہ ہی ان منصوبوں پر عملدآمد کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے بلوچستان میں بد امنی کا اثر نہ صرف صوبے بلکہ ملکی ترقی پر پڑرہا ہے صوبے میں بد امنی کسی بھی صورت نیک شگون نہیں ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ فور ی طور پر صوبے کا سیکورٹی پلان از سرنو تشکیل دے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بد امنی،قتل و غارت گیری، اغواء کے واقعات میں بڑا ہاتھ لینڈ مافیا کا رہا ہے پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے اگر چہ لینڈ مافیاء کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا گیا ہے مگر اس سلسلے میں مزیدکام کرنے کی ضرورت ہے ساتھ ہی پولیس اور انتظامیہ میں پائی جانے والی چند کا لی بھیڑوں کا بھی سدباب کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں لینڈ مافیاء کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے اور عوام کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے لینڈ مافیا کا تدارک کیا جائے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے