پیپلزپارٹی کسی کو جوابدہ نہیں ہے، پی ڈی ایم کا کوئی آئین نہیں، شیری رحمن
اسلام آبا د: نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کسی کو جوابدہ نہیں ہے، پی ڈی ایم کا کوئی آئین نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کسی کو جوابدہ نہیں ہے، پی ڈی ایم کا کوئی آئین نہیں، ہماری سی ای سی سوچے گی کہ کیا جواب دینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس طرح چارج شیٹ کے ذریعے جوابدہ نہیں ہیں، ہم چاہتے ہیں گفت و شنید ہو اور موزوں ماحول میں بات کی جائے، ڈکٹیشن کے ماحول میں جمہوری اتحاد نہیں چلتے۔ شیری رحمان نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی اکیس رکنی اکثریت کی بنیاد پر ہی قائد حزب اختلاف سینٹ بنایا گیا، کون ہی ڈی ایم میں دراڑیں ڈال رہا ہے؟ چیئرمین بلاول پی ڈی ایم کے بانی ہیں،سلیکٹڈ سرکار کو ہٹانا بہت ضروری ہے، انہوں نے ملک کے تمام ادارے تباہ کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ہدف سلیکٹڈ سرکار ہے، ایک دوسرے پر تنقید پی ڈی ایم سے نہیں ہونی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم میں ایکدوسرے پر فائرنگ درست نہیں اور ہمیں چارج شیٹ قطعی قبول نہیں،پی ڈی ایم ایک اتحاد ہے، ہم نے پبلک میں پوچھا پنجاب میں کیسے سب بلامقابلہ سینیٹر ہوگئے؟۔ شیری رحمن نے کہاکہ دلاور صاحب مسلم لیگ ن سے آئے ہوئے ہیں انہوں نے چار کا گروپ بنایا، ان کو ہم کیوں نہ لیں، یہ عدم اعتماد لائیں، عمران حکومت جھونکے کی طرح گرنے والی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رھتے ہیں، مسلم لیگ ن جس نہج پر اتحاد کو لے آئی ہے وہ سوچے کہ ھم کس کو ہدف بنانا چاھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم تو لانگ مارچ کے لئے تیار تھے استعفوں پر بات کرنے کو تیار تھے، ہم پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں سے رابطوں میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم سلیکٹڈ کیلئے راستے کھلے نہیں چھوڑنا چاہتے،ہمیں سوچنا ہے کہ ہم کس طرح سے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو اپنے آپ سے خطرہ ہے وہ کلہاڑیاں اپنے پاوں پر ماررہے ہیں، ہم ڈٹ کر اپوزیشن کی تحریک چلائیں گے۔