لاہوریوں نے عوام دشمن حکومت کو مینار پاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک دیا ہے، مریم نواز
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے پی ڈی ایم کے جلسے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی تبدیلی کا آغاز مینار پاکستان سے شروع ہوا تھا، آج اسی تبدیلی کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا۔ لاہوریوں نے عوام دشمن حکومت کو مینار پاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک دیا ہے۔
مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور چاروں صوبوں کو جوڑے گا۔ لاہور آج سگے بھائی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ زندہ دلان لاہور نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بھائیوں کو خوش آمدید کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ اتنی سردی کے باوجود لوگوں کے جلسے میں آنے پر میں انھیں سلام پیش کرتی ہوں۔ جلسے کے منتظمین نے بتایا کہ ہزاروں کرسیاں لگیں۔ لوگ اتنے زیادہ ہیں کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ کرسیاں کدھر چلی گئیں۔ کون کہتا تھا کہ کرسیاں دینے والوں کے خلاف مقدمات درج ہونگے۔ کون فرعون کے لہجے میں کہتا تھا کہ مینار پاکستان کو بھر کے دکھائے۔ تم اپنی کرسیاں اپنے پاس ہی رکھو، جس نے آکر دیکھنا ہے آکر دیکھ لے۔ مینار پاکستان کے آس پاس کی تمام سڑکیں بھی بھر چکی ہیں۔ ہزاروں لوگ پنڈال میں نہیں آسکے۔ لاہوریوں نے مینار پاکستان کے سائے میں نئی تاریخ رقم کی ہے
انہوں نے کہا کہ تین سال تک این آر او نہ دینے کی گردان کرنے والے عمران خان آج خود این آر او مانگ رہے ہیں لیکن اب نواز شریف روٹی چوری کرنے والے اور عوام کی ترقی چھیننے والے کو این آر او نہیں دے گا۔