بلوچستان کے 33اضلاع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہو گی
کوئٹہ:بلوچستان کے 33 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا کل (30 نومبر) سے آغازکیا جائے گا۔ پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پیداش سے لے کر پانچ سال تک کی عمر کے25 لاکھ کے قریب بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے 33اضلاع میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہو گی۔ بلوچستان میں رواں سال پولیو کے 24 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مہم کے دوران 10 ہزار 585 کے قریب ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں 8 ہزار 988 موبائل ٹیمیں، 94 فکسڈ سائٹ اور 594 ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔ کوآرڈینیٹر راشد رزاق کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں پاکستان اور افغانستان دو ایسے ممالک ہیں جہاں پر پولیو وائرس موجود ہے۔
2020 میں پورے ملک میں اب تک 82پولیو کیسز رپورٹ ہوئے جس میں سے بلوچستان سے 24 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پولیو کو ہرانے کی جنگ میں والدین، سیاسی حلقوں، علماء کرام اور انتظامیہ کا کردار نہایت اہم ہے۔ انسداد پولیو مہم کو کامیاب اور ہر بچے کو قطرے پلانے کیلئے کمیونٹی ہیلتھ رضاکاروں کی بھی خدمات لی جارہی ہیں جو ان ہائی رسک علاقوں میں کام کرینگے جہاں بچوں تک رسائی مشکل ہے۔
مہم کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔