ماشکیل کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دلانے کیلئے بھر پور آواز اٹھائیں گے، ثناء بلوچ
ماشکیل: بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ ماشکیل کو میونسپل کمیٹی کا درجہ نہ دینا سرحدی تحصیل کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے، ماشکیل کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دلانے کے لئے بھر پور آواز اٹھائی جائے گی، رخشان ڈویژن کے مختلف علاقوں کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے میں تحصیل ماشکیل کا نام شامل نہ ہونا قابل مذمت ہے۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع واشک کے ترجمان نصیرکبدانی سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے کہی۔بی این پی واشک کے ضلعی ترجمان نصیرکبدانی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ایم پی اے خاران واجہ ثنا بلوچ سے ٹیلی فون رابطہ کرتے ہوئے انہیں گزشتہ روز رخشان ڈویژن کے مختلف علاقوں کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے اور تحصیل ماشکیل کا نام شامل نہ ہونے کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا کہ ماشکیل ملک کا سرحدی اور پسماندہ ترین تحصیل ہے ماشکیل کا نام شامل نہ ہونا لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اشکیل کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کے حوالے سے ہر ممکن کوشش کی جائیگی بلکہ ہر حال میں ماشکیل کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کے حوالے سے آواز بلند کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے غریب لوگوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی کبھی بھی برداشت نہیں کرینگے اس حوالے سے آخری حد تک جاوں گا۔